LIVE

نیٹ فلکس ویڈیوز، انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرنا ممکن

ویب ڈیسک
January 23, 2019
 

نیٹ فلکس پر دیکھی جانے والی موویز اور ٹی وی شوز کو براہ راست انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا جاسکے گا—. فوٹو  بشکریہ/ 9 ٹو5 میک

مقبول فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے صارفین کے لیے خوشخبری ہے کہ اب وہ اپنی من پسند نیٹ فلکس ویڈیوز، انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرسکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ میش ایبل کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نیٹ فلکس پر دیکھی جانے والی موویز اور ٹی وی شوز کو براہ راست انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا جاسکتا ہے۔

نیٹ فلکس ویڈیوز کو انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرنے کا فیچر صرف آئی او ایس یعنی آئی فون صارفین کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔

نیٹ فلکس ایپ میں ویڈیوز کو انسٹاگرام اسٹوریز پر شیئر کرنے کا آپشن شیئر مینیو میں اُس جگہ موجود ہوگا، جہاں دیگر ایپس کے آپشن مہیا ہوں گے۔

نیٹ فلکس ایپ میں مینیو شیئر آپشن میں انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرنے کا آپشن موجود ہوگا—. فوٹو بشکریہ/ میش ایبل

جیسے ہی صارف نیٹ فلکس کی ویڈیوز کو انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرے گا تو اس کی نشاندہی اُسی ویڈیو کی تصویر یا پوسٹر سے ہوگی جو وہ دیکھ رہا ہوگا۔

نیٹ فلکس کی ویڈیوز کو انسٹا اسٹوری میں شیئر کرتے وقت صارف وہ تمام فیچرز استعمال کرسکتا ہے جو عام اسٹوری کے لیے کرتا ہے جیسے کہ جِف، اسٹیکرز اور فلٹرز وغیرہ۔

چونکہ یہ اسٹوری نیٹ فلکس سے براہ راست شیئر کی جارہی ہوگی تو صارف کے دوست باآسانی ان کے ساتھ نیٹ فلکس کی موویز یا ٹی وی شوز دیکھ سکتے ہیں۔

 فی الحال اس فیچر کی سہولت صرف آئی فون صارفین کے لیے ہے، تاہم کمپنی نے امکان ظاہر کیا ہے کہ جلد ہی اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی دستیاب کردیا جائے گا۔