LIVE

نواز شریف کی بیماریوں کا علاج لال حویلی سے ہی نکل آئے گا: فیاض الحسن

ویب ڈیسک
February 07, 2019
 

جب نواز شریف اسپتال لایا گیا تو آتے ہی بڑے گوشت کے کباب اور سموسوں سے تواضع کی گئی، وزیراطلاعات پنجاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے ٹیسٹ میں سامنے آئی بیماریوں کا علاج تو لال حویلی سے ہی نکل آئے گا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف کے علاج کے لیے پنجاب حکومت نے باعزت طریقے سے میڈیکل بورڈ بنایا لیکن اسے ماننے سے انکار کردیا گیا، جب انہیں اسپتال لایا گیا تو آتے ہی بڑے گوشت کے کباب اور سموسوں سے تواضع کی گئی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ آل شریف کا پاکستان میں دل نہیں لگ رہا، ہم پاکستان کے بہترین ڈاکٹر سے اور بہترین اسپتال میں ان کا علاج کرائیں گے،

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ مہینے سے آل شریف نے نواز شریف کو جیل سے نکالنے کا شور مچایا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ علیم خان نے گرفتار ہو کر آل شریف کو تیسرا ٹیکا لگایا ہے، اس سے قبل اعظم سواتی نے استعفی دے کر آل شریف کو گولی دی لیکن اس سب کے باوجود شرم نہیں آتی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ قمرالاسلام کی بات کرتے ہیں، پلے نہیں دھیلا اور دیکھنے چلے ہیں میلا'۔