LIVE

سزا ملنے پر مجرم نے اپنے ہی وکیل کی درگت بنادی

ویب ڈیسک
February 22, 2019
 

مجرم کی طرف سے وکیل پر چڑھائی کی ویڈیو وائرل ہوچکی ہے جسے اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔ اسکرین گریب

آپ نے فلموں میں بہت سے ایسے مناظر دیکھے ہوں گے جن میں ایک وکیل زور و شور سے جج کے سامنے دلائل دے رہا ہو گا، عدالت کے کمرے میں سناٹا چھایا ہوا ہو گا لیکن ایسا منظر شاید نہ دیکھا ہو کہ وکیل اپنے ہی مدعی کے ہاتھوں پٹ رہا ہو۔

یہ فلمی نہیں بلکہ امریکا کا ایک حقیقی منظر ہے، جہاں وکیل کو کیس ہارنے کی صورت میں مجرم کی طرف سے پٹائی کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکی ریاست اوہائیو کی کاؤنٹی کویاہوگا کی عدالت میں ایک مجرم نے کیس ہارنے اور 47 سال قید کی سزا ملنے پر اپنے ہی وکیل کی پٹائی کر دی۔

جج  کے سزا سناتے ہی مجرم اپنے وکیل آرون بروکلے پر چڑھ دوڑا اور اس پر گھونسوں اور لاتوں کی بارش کر دی۔

رپورٹ کے مطابق اس اچانک حملے پر وہاں موجود دیگر وکیل اور پولیس اہلکاروں نے مجرم کو فوری طور پر قابو کر کے جیل منتقل کر دیا۔

مجرم کی طرف سے وکیل پر چڑھائی کی ویڈیو وائرل ہو چکی ہے جسے اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈیوڈ چسٹن نامی مجرم کو پولیس نے2017 میں گھریلو تشدد اور آتشزدگی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔