LIVE

ایپل نے میک بک پرو کا مسئلہ خاموشی سے درست کر دیا

ویب ڈیسک
March 05, 2019
 

ایپل نے میک بک پرو 2018 کی ڈیزائن ڈسپلے کیبل کی لمبائی میں 2 ملی میٹر اضافا کر دیا۔ فوٹو کریڈٹ : آئی فکس اٹ 

میک بک پرو استعمال کرنے والوں نے 2016 میں ایک مسئلہ رپورٹ کیا تھا جسے اپیل انتظامیہ نے خاموشی سے گزشتہ برس حل کر دیا۔

ایپل نے میک بک 2018 میں اس کے سابقہ ماڈل کے مقابلے میں 2 ملی میٹر لمبی ڈسپلے کیبل استعمال کی، جس کا مطلب ہے لیپ ٹاپ کے کھلے ہونے کی صورت میں اس پر زور کم پڑے گا۔

میک بک پرو کا مسئلہ تو حل کر دیا گیا ہے لیکن ایپل نے اپنے ڈیزائن میں موجود اس مسئلے کا کبھی اعتراف نہیں کیا۔ 

میک بک پرو استعمال کرنے والوں کو 'فلیکس گیٹ' نامی مسئلہ درپیش تھا کہ لیپ ٹاپ معمول کے مطابق کھلنے اور بند ہونے کی صورت میں ڈسپلے کیبل کنٹرولر بورڈ کے کنارے پر کھچ جاتی تھی جس کی وجہ سے کچھ عرصے بعد ہی کیبل خراب ہو جاتی تھی۔

اس مسئلے کی وجہ سے شروع میں اسکرین کے نچلے حصے پر لائٹ میں کمی بیشی نظر آنا شروع ہو جاتی تھی اور پھر آہستہ آہستہ لیپ ٹاپ 90 ڈگری سے زیادہ کھلنے کے بعد لائٹ مکمل طور پر ختم ہو جاتی تھی۔

لیپ ٹاپ اسکرین پر ٹانکی ہوئی 6 ڈالر کی ڈسپلے کیبل کے خراب ہونے کے نتیجے میں استعمال کرنے والے کو 700 ڈالر کے عوض پوری اسکرین تبدیل کرنا پڑتی تھی لیکن ایپل نے ڈیزائن میں تبدیلی کرنے کی بجائے کیبل کی لمبائی میں اضافہ کر کے اس مسئلے کو خاموشی سے حل کر دیا ہے۔