LIVE

کرائسٹ چرچ حملے کی عینی شاہد 25 سالہ یاسمین علی کی روداد

ویب ڈیسک
March 15, 2019
 

یاسمین علی کرائسٹ چرچ کے حملے کی عینی شاہد ہیں۔  اسکرین گریب 

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشتگرد حملوں کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔

ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصان کا دکھ دنیا بھر میں محسوس کیا گیا۔ حملے میں زندہ بچ جانے والوں کو اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا صدمہ اٹھانے کے ساتھ اس وقت کے خوف نے دہری ذہنی اذیت میں مبتلا رکھا ہے۔

صومالیہ سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ یاسمین حملے کے وقت مسجد میں اپنے قریبی عزیز و اقارب کے ساتھ موجود تھیں۔اس حملے میں یاسمین نے دیگر رشتے داروں کے ساتھ اپنے ایک 66 سالہ عزیز، جنھیں وہ دادا کہتی تھیں کھو دیا۔

یاسمین کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے قریبی عزیزوں کو کھویا ہے ۔ وہ اس سفاکیت پر دوہرے صدمے کا شکار ہیں ، ایسی سفاکیت اور وہ بھی نیوزی لینڈ میں۔

انھوں نے ایک مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ 'ہم جن لوگوں کو 19 برسوں سے جانتے تھے ان میں سے کوئی اب نہیں بچا۔جو لوگ یہاں میری منگنی کے لیے جمع تھے،وہ مر چکے ہیں۔

یاسمین کا کہنا ہے کہ  کرائسٹ چرچ میں ہم لوگ اقلیت میں ہیں۔ ہم لوگ تو بہت نرم دل اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔میری سمجھ سے باہر ہے کہ کوئی ہمیں اس طرح سے کیسے نقصان پہنچا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'مجھے نہیں معلوم کہ اب میں اسکارف سے اپنا سر ڈھانپ کر سفر کرتے ہوئے خود کو محفوظ تصور کر سکوں گی یا نہیں۔ میں نے اس طرح اس سے پہلے کبھی محسوس نہیں کیا تھا'۔