LIVE

نوجوان کھلاڑیوں، امپائر اور کوچز کی بیرون ملک تربیت کیلئے کاؤنٹیز سے رابطے

عبدالماجد بھٹی
May 16, 2019
 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ایکسچینج پروگرام میں دو انگلش کاؤنٹیز گلمورگن اور وارک شائر نے گہری دلچسپی دکھائی ہے— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اپنے نوجوان کھلاڑیوں، امپائروں اور کوچز کو بیرون ملک تربیت کیلئے بھیجنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں دو کاؤنٹی ٹیموں کے ساتھ مل کر ایک ایکسچینج پروگرام شروع کررہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ایکسچینج پروگرام میں دو انگلش کاؤنٹیز گلمورگن اور وارک شائر نے گہری دلچسپی دکھائی ہے۔

پی سی بی اس پروگرام کے تحت اپنے نوجوان کھلاڑیوں، امپائروں اور کوچز کو انگلینڈ بھیجنا چاہتا ہے جبکہ کاؤنٹیز نے اپنے کھلاڑیوں، امپائروں اور کوچز کو پاکستان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

انگلینڈ کے دورے کے بعد لاہور پہنچنے پر پی سی بی ایم ڈی وسیم خان نے بتایا کہ ہم کاؤنٹی کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی اکیڈمی میں تربیت دیں گے اسی طرح ہمارے کوچز اور امپائروں کے معیار میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہم ہر سطح پر اپنے معیار کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد ایکسچینج پروگرام ہے جس میں ہم غیر ملکی کوچز، امپائروں اور کرکٹرز کی میزبانی کریں گے۔ اس اسکیم کیلئے تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ دونوں کاؤنٹیز نے ہماری تجویز کو سراہا ہے اور اس پر عمل درآمد کیلئے تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔ انگلش کنڈیشن میں ہمارے امپائر، کوچز اور کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔