LIVE

شیخ رشید کا عید پر تین خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

ویب ڈیسک
May 25, 2019
 

عید کے روز ٹرینوں پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرایہ 50 فیصد کم ہو گا: شیخ رشید۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے عید الفطر کے موقع پر 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عید کے روز ٹرینوں پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرایہ 50 فیصد کم ہو گا۔

ریلوے میں ملازمین کی بھرتیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے میں بھرتیوں کیلیے 10 سے 12 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، بھرتیاں قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائیں گی۔

کراچی میں سرکلر ریلوے کی زمین واگزار کرانے کے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عید کے 15 دن تک کراچی میں ریلوے کی زمین واگزار کروانے کا اپنا ٹاسک مکمل کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرکلر ریلوے سے متعلق سندھ حکومت مجھے بلا وجہ نشانہ بنا رہی ہے، ہم نے ریلوے ٹریک کے دونوں طرف کی مقررہ جگہ خالی کروا کر دینی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر آج سندھ حکومت مجھے 207 ارب روپے دیدے تو میں کل ہی سرکلر ریلوے پر کام شروع کر دوں، سرکلر ریلوے کو سیاست کی نظر نہ کیا جائے۔