LIVE

پنجاب کے اسکولوں میں پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی عائد

ویب ڈیسک
August 27, 2019
 

فائل فوٹو

لاہور: پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلوں پر پابندی عائد کردی گئی۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام سرکاری اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کومراسلہ جاری کیا ہے جس میں اسکولوں میں شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلے استعمال کرنے پر پابندی سے آگاہ کیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیاہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبا اب پلاسٹک بیگز میں سامان نہیں لاسکیں گے جب کہ کینٹین،کیفے ٹیریا میں بھی شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلے پر پابندی ہوگی۔

مراسلے میں اسکولوں کی عمارتوں کے باہر شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلوں کا استعمال ترک کرنے کے بینرز آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی۔

مراسلے میں مزید کہا گیاہےکہ اساتذہ شاپنگ بیگ اور پلاسٹک کے تھیلوں کے خلاف اور ماحول دوستی پر لیکچر دینے کے پابند ہوں گے، اپنے بیگز اور پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم، تقاریر، تصویری مقابلے کروانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی کا آغاز اسلام آباد سے کیا ہے۔