LIVE

بھارتی اداکارہ پوجا بھٹ کا ایڈیٹر جیو انٹرٹینمنٹ نادیہ فیصل کو خراج عقیدت

ویب ڈیسک
August 30, 2019
 

بھارتی اداکارہ پوجا بھٹ کا صحافی نادیہ فیصل کیلئے خراج عقیدت

بھارتی اداکارہ پوجا بھٹ نے جیو انٹرٹینمنٹ کی ایڈیٹر نادیہ فیصل عرف نینی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

دو روز قبل نادیہ فیصل کینسر کے مرض کے باعث دنیائے فانی سے کوچ کر گئی تھیں جس پر متعدد شخصیات کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

نینی کے نام سے مشہور نادیہ فیصل نے صحافت میں بہترین خدمات انجام دیں۔

یوں تو انہیں انٹرٹینمنٹ کی رپورٹنگ میں عبور حاصل تھا لیکن دیگر شعبوں میں بھی انہوں نے ایک بہترین صحافی کے طور پر اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں۔

سوشل میڈیا پر نادیہ فیصل کے انتقال کی خبر پر متعدد لوگوں نے اظہار افسوس کیا تاہم بھارتی اداکارہ پوجا بھٹ نے انسٹاگرام پر خصوصی پوسٹ شیئر کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

پوجا بھٹ نے نینی کی چند یادگار تصاویر شیئر کیں اور سب کو بتایا کہ وہ ان کی ہر دلعزیز دوست تھیں۔


پوجا بھٹ لکھتی ہیں کہ میرا نہیں خیال کہ میں کبھی بھی اس حقیقت کو تسلیم کر سکوں گی کہ ایک بہترین اور روشن شخصیت کی مالک لڑکی جس کو مجھے دوست بلانے کا اعزاز حاصل تھا وہ جا چکی ہے۔

اداکارہ لکھتی ہیں کہ ان کی ہنسی، کھلکھلاہٹ، مزہ مستی اور خوش دلی ہمیشہ کانوں میں گونجتی رہے گی۔

پوجا بھٹ نے نینی کے بچھڑنے پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ہم جلد ہی ادھر ملاقات کریں گے جہاں محبت ہر چیز سے بڑھ کر ہو گی۔