LIVE

مرید عباس کیس: مرکزی ملزم کا بھائی گرفتار، ابتدائی بیان میں انکشافات

کاشف مشتاق
October 09, 2019
 

فائل فوٹو

کراچی: اینکر مرید عباس قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں پولیس نے مرکزی ملزم عاطف زمان کے بھائی عادل زمان کو بھی گرفتار کرلیا۔

ملزم نے پولیس کو  ابتدائی بیان ریکارڈ کرادیا جس میں اس نے انکشاف کیا کہ  مرید عباس کے قتل کے وقت میں عاطف زمان کے ساتھ تھا،  ہمارا منصوبہ صرف مرید عباس کو دھمکانے کا تھا،  بات چیت کے دوران عاطف نے طیش میں آکر فائرنگ کردی جس کے بعد میں نے عاطف زمان کودفتر سے گھرچھوڑا اور اس واقعے کے بعد میں بالا کوٹ چلا گیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کے مطابق مفرور ملزم عادل زمان کو رات گئے ڈیفنس سے گرفتارکیا گیا تھا،  عادل زمان سے کیس سے متعلق تفتیش شروع کردی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  آج خداداد کالونی پر ہمارے قابل افسر کو نشانہ بنایا گیا،  فائرنگ کا واقعہ اور عادل کی گرفتاری دو الگ واقعات ہیں لہٰذا  دونوں واقعات کو ایک ساتھ جوڑنا قبل از وقت ہوگا، فائرنگ کا نشانہ بننے والا  اہلکار غوث اینکر مرید عباس کے قتل کے کیس پر کام کر چکا ہے۔