LIVE

عمران خان کی آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات، کشمیریوں کی حمایت پر اظہار تشکر

ویب ڈیسک
October 13, 2019
 

ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھارت کو دوٹوک پیغام دیا تھاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے منصفانہ پالیسی اختیار کرے — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان نے تہران میں ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچے تھے جہاں انہوں نے صدر حسن روحانی اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔ 

وزیراعظم عمران خان نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس ملاقات میں ایرانی صدر حسن روحانی بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت پر ایرانی رہبراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھارت کو دوٹوک پیغام دیا تھاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے منصفانہ پالیسی اختیار کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو مزید ظلم کا نشانہ نہیں بنایا جاسکتا، برصغیر کی تقسیم کے وقت برطانیہ جان بوجھ کر خطے میں ایک زخم چھوڑ گیا جس کی وجہ سے کشمیر میں تنازع جاری رہا۔

ملاقات کے دوران پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو کئی اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، مسلم امہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے  لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی بحران شدید ہوگیا ہے اور بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قلت ہے۔  

واضح رہے کہ دورہ ایران میں وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی تھی۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  میرے دورے کا اہم مقصد ہے کہ ہم خطےمیں ایک اور تنازع نہیں چاہتے، ہم ایران اور سعودی عرب میں جنگ نہیں چاہتے کیونکہ ایران ہمارا پڑوسی ملک جب کہ سعودی عرب نے ہر ضرورت پر ہماری مدد کی ہے۔