LIVE

پاکستان کی پارلیمانی سفارتکاری میں بھارت کو تاریخی شکست

ویب ڈیسک
October 13, 2019
 

انٹر پارلیمانی یونین کی کمیٹی کے انتخاب میں یقینی ہار دیکھتے ہوئے بھارتی امیدوار نے نام واپس لے لیا، پاکستان کے سینیٹر رضا ربانی ایگزیکٹو کمیٹی کے بلامقابلہ رکن منتخب ہوگئے  — فوٹو: قومی اسمبلی آفیشل 

پاکستان نے پارلیمانی سفارتکاری میں بھارت کو تاریخی شکست دے دی۔

سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں دنیا کی 188 پارلیمانوں پر مشتمل انٹرپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے شرکت کی۔ 

اِس اجلاس میں بھارتی چالیں ناکام ہوئیں اور پاکستانی پارلیمانی سفارتکاری کی تاریخی فتح ہوئی، اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ایشیاء پیسیفک ممالک نے آئی پی یو کی مجلس عاملہ کیلئے متفقہ نمائندہ منتخب کرنا تھا اور پاکستان کی پارلیمنٹ نے اس عہدے کیلئے سینیٹر رضا ربانی کو نامزد کیا تھا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان نے گروپ میں خفیہ رائے دہی کا مطالبہ کیا تھا جس پر بھارتی وفد نے انتخابات مؤخر کروانے کی کوشش کی تاہم اپنی یقینی ہار دیکھتے ہوئے بھارتی امیدوار نے اپنا نام واپس لینے کا اعلان کیا اور شکست تسلیم کی۔

اعلامیے کے مطابق  آخری وقت میں بھارتی لوک سبھا نے کانگریس کے رکن ششی تھرور کو امیدوار نامزد کیا تھا، بھارتی کوشش کو 34 رکنی ایشیاء پیسیفک گروپ کے کسی بھی رکن سے پذیرائی نہ مل سکی، بھارتی امیدوار کی انتخاب سے دستبرداری پر سینیٹر رضا ربانی بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رضا ربانی 3 سال کیلئے انٹر پارلیمانی یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن جبکہ سینیٹر جاوید عباسی ڈرافٹنگ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ 

اعلامیے کے مطابق سینیٹر رضا ربانی کے علاوہ ایشیاء پیسیفک گروپ نے سینیٹر شیری رحمان کو کمیٹی برائے پائیدار ترقی، مالیات اور تجارت کا رکن بھی منتخب کرلیا۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بین الاقوامی پارلیمانی تنظیم (آئی پی یو) کی ایشیاء پیسیفک گروپ کے موجودہ چیئرمین ہیں۔