LIVE

ٹیکس نظام کا جائزہ لینے آئی ایم ایف ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

ویب ڈیسک
October 15, 2019
 

بین الاقومی ٹیکس ماہرین کی ٹیم پاکستان کے ٹیکس نظام کا جائزہ لے گی: آئی ایم ایف ترجمان — فوٹو:فائل 

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ٹیکس ماہرین کی ٹیم 2 ہفتے کے دورے پر پاکستان پہنچ گئی۔ 

پاکستان میں آئی ایم ایف کی ترجمان ٹریسا ڈبن کے مطابق  بین الاقومی ٹیکس ماہرین کی ٹیم پاکستان کے ٹیکس نظام کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان میں موجود ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ پروگرام کا جائزہ لینے کیلئے آئی ایم ایف کا وفد رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد آئے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی تکنیکی ٹیم 2 ہفتے کیلئے پاکستان کے دورے پر آئی ہے اور اس دورے کے دوران یہ ٹیم وزارت خزانہ، پاور سکیٹر، پیٹرولیم، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، اسٹیٹ بینک اور دیگر محکموں کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ اس ٹیم کو ایف بی آر کچھ سیکٹرز کو استثنیٰ پر بریفنگ دے گا اور اپنی سہ ماہی وصولیوں کے اہداف حاصل کرنے میں مشکلات سے بھی آگاہ کرے گا۔

 چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو ٹیکس محصولات پر مطمئن کرلیں گے، تاجروں کے ساتھ کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایف بی آر کی پالیسیوں کے خلاف تاجروں نے اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا اور مذاکرات کی ناکامی پر ملک بھر میں 28 اور 29 اکتوبر کو 2 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔