LIVE

سینیٹ کی پختونخوا سے خالی نشست پر انتخاب 26 نومبر کو ہو گا

نوشین یوسف
October 31, 2019
 

سینیٹ کی خالی نشست پر 8 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے،الیکشن کمیشن ،فوٹو:فائل

پارلیمنٹ کے ایوان بالا (سینیٹ) کی خیبر پختونوا سے خالی نشست پر انتخاب آئندہ ماہ 26 نومبر کو ہو گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق سینیٹ کی کے پی کے سے خالی نشست پر 8 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکیں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی یہ نشست گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر خانزادہ خان کے استعفے کے باعث خالی ہوئی تھی جنہوں نے اپنے بیٹے کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے ایک روز بعد ہی سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیا تھا۔

پی پی پی کے رہنما خانزادہ خان کے صاحبزادے اور صوبائی رہنما ذیشان خانزادہ خان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

اس ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے ذیشان خانزادہ کو شمولیت پر پی ٹی آئی کی روایت کے مطابق پارٹی کی ٹوپی پہنائی اور جھنڈا تحفے میں دیا۔

یاد رہے کہ پی پی رہنما خانزادہ خان خیبر پختونخوا سے مارچ 2015 میں سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور انہیں مارچ 2021 میں سینیٹر شپ سے ریٹائر ہونا تھا۔