LIVE

سانحہ تیزگام میں جاں بحق قرار دی گئی خاتون زندہ نکلی

ویب ڈیسک
November 07, 2019
 

گزشتہ ہفتے کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس آگ لگنے کے باعث حادثے کا شکار بنی تھی— فوٹو اے ایف پی

سانحہ تیزگام میں جاں بحق قرار دی گئی خاتون عصمت بی بی کے اہلخانہ نے ان کے زندہ ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

سانگھڑ کے علاقے ابدال پورہ کی رہائشی عصمت بی بی کو  سانحہ تیزگام میں جاں بحق قرار دیا گیا تھا لیکن ان کے اہلخانہ نے خاتون کے انتقال کی تردید کر دی ہے۔

عصمت بی بی کے بچوں کا کہنا ہے کہ اُن کی والدہ پنجاب کے شہر شورکوٹ میں موجود ہیں اور اُن سے رابطہ بھی ہو گیا ہے۔

دوسری جانب مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر عصمت بی بی کی قرار دی گئی میت سرکاری اسپتال میں رکھ دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے قریب آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 75 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

 تیزگام ایکسپریس میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے 58 افراد کی شناخت نہ ہونے پر ڈی این اے کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں سے 40 افراد کی میتیں شناخت ہونے کے بعد ان کے ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔