LIVE

سلیکٹرز کو بتایا جائے کہ آپ کے سلیکٹڈ کو عوام نے مسترد کردیا ہے، بلاول

ویب ڈیسک
November 08, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


مظفر گڑھ : پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ 25 جولائی 2018 کو بدترین دھاندلی ہوئی اور عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

انہوں نے وزیراعظم کے حوالے سے کہا کہ ’آپ کا حشر بھی ہر آمر اور جابر جیسا ہوگا، جو حال آج اس ملک کاہوچکا ہے، اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے، ٹیکسز کی بھرمار کر کے کہتے ہیں یہ سب پرانے پاکستان کی وجہ سے ہے‘۔

بلاول نے مزید کہا کہ سلیکٹرز کو بتایا جائے کہ آپ کے سلیکٹڈ کو عوام نے مسترد کردیا ہے، آج پوری اپوزیشن متفق ہے کہ اس سلیکٹڈ کو باہر نکالنا ہے، اس کی آمرانہ سوچ سے جمہوریت اور آئین خطرے میں ہے۔


انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے عوام کے پاس جارہا ہوں، اس سلیکٹڈ کی حکومت کو بے نقاب کررہا ہوں،اس کے جعلی مینڈیٹ کو بے نقاب کررہا ہوں، اگر عوام چاہے تو ہم اس سلیکٹڈ کو گھر بھیج کر دکھائیں گے، اگرکارکن حکم کریں تو لانگ مارچ بھی کریں گے، کارکن حکم کرتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کو دھرنے کی سیاست کرنی ہے تو وہ بھی کریں گے، ’گو سلیکٹڈ‘ اب ہر طبقے کا نعرہ بن چکا ہے۔

مظفر گڑھ سپورٹس گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ اس ملک میں کٹھ پتلی کو مسلط کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، ہمیں عوام میں جانے سے روکنے کی کوشش کی جارہی تھی، ملک بھرمیں پولنگ ایجنٹس کو باہر پھینکا گیا، الیکشن ہوئے تو کسی پارٹی نے اسے تسلیم نہیں کیا۔

بلاول نے کہا کہ عمران خان نے 3 ماہ مانگے، ہم نے دے دیے، کچھ نہیں کہا، ہم نےعمران خان کو ایک سال دیا اس نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر انتقام کی حد کردی، یہ کیسا احتساب ہے جو صرف اپوزیشن کا ہورہا ہے، صرف الزام پر سابق صدر کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جاتا ہے، آصف زرداری نے پہلے بھی 11 سال بغیر سزا جیل میں گزاری ہے، ہم ان کاظلم سہنےکو تیار ہیں لیکن یہ توعوام پر ظلم کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ پچھلے10 سال کارونارو رہے ہیں، ہر قسم کا الزام لگارہے ہیں، ان سےکوئی پوچھے 10 سال پہلےسونے کی قیمت کیا تھی اور آج کیا ہے؟ گندم، دالوں کی قیمت پہلے کیا تھی اور آج کیا ہے؟ آؤ حساب کتاب کرتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو آمروں سے لڑے، دہشتگردوں سے لڑے، عوام گواہ ہے، عوام کی حکمرانی کو بحال کیا،تم نے کیا کیا؟ تمہیں پلیٹ میں سجاکر اقتدار دیا گیا۔

بلاول نے حکمرانوں سے پوچھا کہ آپ نے اپنے دور میں غریبوں کے لیے کیا کیا ہے؟ کچھ نہیں، آپ کچھ کر بھی نہیں سکتے، اس لیے کہ آپ سلیکٹڈ ہو، آپ کو صرف سلیکٹرز کی فکر ہے، یہ قوم آپ کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔