LIVE

’شہباز شریف نے بھائی کو وہاں سے نکال لیا جہاں سے سلیکٹڈ نے ٹی وی اور اے سی اتارنے تھے‘

ویب ڈیسک
November 08, 2019
 

کسی ڈیل اور ڈھیل کی ضرورت نہیں، ہمارے لیے رب کافی ہے، شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کا ردعمل— فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے اپنے بھائی کو وہاں سے نکال لیا جہاں سے سلیکٹڈ نے ٹی وی اور اے سی اتارنے تھے۔

اپنے بیان میں سلیمان شہباز نے مزید کہا کہ کسی ڈیل اور ڈھیل کی ضرورت نہیں، ہمارے لیے رب کافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی حمزہ شہباز، شاہد خاقان، مفتاح اسماعیل، رانا ثناء اللہ، سعدرفیق اور یوسف عباس سب جیل میں ہیں۔ 

خیال رہے کہ نواز شریف کے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے وزارت داخلہ کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے ایک باضابطہ درخواست جمع کرائی گئی ہے۔

نواز شریف کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا اس لیے حکومت نیب سے مشاورت کرے گی اور قوی امکان ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف اتوار کو قومی پرواز سے لندن جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے علاج کےلیے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ، شریف فیملی کی نیویارک میں بھی ڈاکٹر سے بات ہورہی ہے۔