LIVE

امریکا میں برفانی طوفان سے 6 افراد ہلاک ، 70 فیصد علاقوں میں نظام زندگی منجمد

ویب ڈیسک
November 13, 2019
 

شدید سردی اور برفباری کے باعث اسکول اور کاروباری مراکز بھی بند، سڑکوں کی حالت خراب ہونے سے حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوئے: برطانوی میڈیا— فوٹو: رائٹرز

نیویارک: امریکا کے کئی شہروں میں قطب شمالی سے چلنے والی برفیلی ہواؤں سے درجہ حرارت انتہائی کم ہوکر ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جب کہ شدید سرد موسم کی وجہ سے اسکول بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔

امریکا میں برفانی طوفان سے چھ افراد ہلاک اور ملک کے تقریباً 70فیصد علاقوں میں نظام زندگی منجمد کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شدید سردی کا آغاز سائبیریا سے چلنے والی برفیلی ہواؤں سے ہوا جس سے امریکا کے کئی شہروں میں شدید برف باری ہوئی جہاں کنساس اور الینوئے میں روزانہ ریکارڈ برف باری دیکھنے میں آرہی ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ رواں ہفتے ہونے والے شدید برف باری سے کئی ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں۔

برطانوی میڈیا کا بتانا ہےکہ خراب موسم کے باعث اب تک6 افراد جان سے جاچکے ہیں اور ایک ہزار سے زائد پروازیں بھی منسوخ ہوچکی ہیں جب کہ بعض علاقوں میں اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق خون جمادینے والی ہواؤں کا سلسلہ مشرقی ساحل کی جانب پھیل رہا ہے۔

منگل کے روز امریکا کے کئی شہروں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں انتہائی کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جہاں ریاست کنساس کی گارڈن سٹی میں درجہ حرارت منفی 17 ڈگری تک گر گیا جب کہ شکاگو میں 1986 کے بعد درجہ حرارت منفی 13 سے بھی نیچے گر گیا اور شہر میں پیر کے روز ریکارڈ برفباری بھی ہوئی۔

اس کے علاوہ میکسیکو کی سرحد پر ٹیکساس ٹاؤن میں بھی غیر معمولی برفباری ریکارڈ کی گئی۔

شدید سرد موسم کی وجہ سے اسکولز اور کاروباری مراکز منگل کے روز بھی بند رہے جب کہ سرد موسم نے سڑکوں کو  بھی متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے سڑک پر پھلسن کے باعث ٹرک بے قابو ہوگیا اور حادثے میں 8 سالہ بچی ہلاک ہوگئی۔

ریاست مشن گن میں بھی سڑکوں کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔

ریاست اوہایو میں کم ازکم 50گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور دو افراد جان کی بازی ہارگئے۔