LIVE

اب نوکریاں مہیا کرنے کا مقصد حاصل ہو پائے گا: اسد عمر

ویب ڈیسک
November 19, 2019
 

فائل فوٹو: اسد عمر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہےکہ مسلسل اقدامات سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہونا شروع ہوئی جس کے بعد اب پائیدار ترقی اور نوکریاں مہیا کرنے کا مقصد حاصل ہو پائے گا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ اکتوبرکے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ 9کروڑ 90 لاکھ ڈالر سر پلس رہا اور ستمبر کے مہینے میں خسارہ 28 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا، رواں سال کے پہلے چار ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب 47 کروڑ ڈالر رہا۔


مشیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 5 ارب 57 کروڑ ڈالر تھا اور مالی سال 19۔2018 کے دوران یہ خسارہ 13 ارب 83 کروڑ ڈالر تھا جب کہ مالی سال 18۔2017 میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ 19 ارب 90 کروڑ ڈالر تھا۔

عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ ساڑھے چار سال بعد سر پلس ہوا ہے، مارچ 2015 میں کرنٹ اکاؤنٹ تقریبا 52 کروڑ ڈالر سر پلس تھا۔

دوسری جانب مشیر خزانہ کے بیان پر رد عمل میں اسد عمر نےکہاکہ 4 سال کے بعد کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپلس ہونا اچھی بات ہے، مسلسل اقدامات سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہونا شروع ہوئی، اب پائیدار ترقی اور نوکریاں مہیا کرنے کا مقصد حاصل ہو پائے گا۔