LIVE

کے الیکٹرک کا نیپرا کے جرمانے پر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
December 10, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

کے الیکٹرک نے کراچی میں پیش آنے والے افسوسناک حادثات سے متعلق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA) کے حالیہ فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد موزوں جواب جمع کروائے گی، کے الیکٹرک قانون کی پاسداری کرنے والا ذمہ دار ادارہ ہے جو کہ تمام آپریشنز متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق سرانجام دیتا ہے اور صارفین کو بجلی کی محفوظ اور قابل بھروسہ فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔

اپنے بیان میں کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ بہت سے بنیادی اور اہم بیرونی عوامل ایسے ہیں، جو پاورانفراسٹرکچر کیلئے خطرات پیدا کردیتے ہیں، ان وجوہات میں غیر قانونی کنڈوں کے علاوہ کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ سروس پروائیڈرزکی جانب سے پاور انفراسٹرکچر کا بلااجازت استعمال اور بجلی کی تنصیبات کے گرد کھڑا پانی بھی شامل ہے۔

کے الیکٹرک کے مطابق یہ تمام عوامل حفاظتی اقدامات کے طریقہ کار کو نظر انداز کرتے ہوئے عوام کے تحفظ کیلئے شدید خطرات کا باعث بنتے ہیں۔ کے الیکٹرک سمجھتا ہے کہ ان تمام بیرونی عوامل پر قابو پانے کیلئے،حکام کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، لہٰذا کے الیکٹرک نے اکتوبر 2019 کے دوران، سندھ ہائی کورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ اس حوالہ سے جوابدہی کیلئے انٹرنیٹ اور ٹی وی کیبل کے اداروں، شہری انتظامیہ، میونسپل ادارے اور متعلقہ قانون ساز اداروں کو بھی طلب کیا جائے۔

کے الیکٹرک نے اپنی درخواست میں اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹی وی کیبل اور انٹرنیٹ پروائیڈرز کی جانب سے پاور انفرا اسٹرکچر پر تجاوزات قائم کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

کے الیکٹرک نے یہ درخواست بھی کی ہے کہ شہری انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کراچی میں ایسی تجاوزات قائم کرنے والے افراد کیخلاف مؤثر کارروائی کی جائے، کے الیکٹرک نے دیگر اہم خطرات کو دور کرنے پر بھی زوردیتے ہوئے کہا بجلی کی تنصیبات کے گرد کھڑے بارش کے پانی کی فوری نکاسی، غیر قانونی کنکشنوں کو ہٹانے کیلئے عوامی اور حکومتی تعاون بھی وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ پاور انفراسٹرکچر کے بلااجازت استعمال کی مسلسل روک تھام کیلئے مشترکہ کاوشیں بھی ضروری ہیں۔

خیال رہے کہ 6 ستمبر 2019 کو نیپرا نے کراچی میں بارش کے دوران ہونے والی 35 اموات میں سے 19 کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھہرایا تھا جس کی بنیاد پر اب نیپرا نے کے الیکٹرک پر 5 کروڑ روپے کا جرمانہ کیا ہے۔