LIVE

وزیراعظم نے سی پیک اتھارٹی کے قیام پر اعتماد میں نہیں لیا: اخترمینگل

ویب ڈیسک
December 14, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کی تشکیل پر اعتماد میں نہیں لیا۔

رواں سال اکتوبر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے سی پیک اتھارٹی قائم کی تھی جس کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ کو اتھارٹی کا چیئرمین بنایا گیا۔

اس حوالے سے اب حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کہ سی پیک اتھارٹی کی تشکیل میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کا چیئرمین بناتے ہوئے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا ، بلوچستان کے ساتھ بہت زیادتیاں کی گئی ہیں، 70 سالوں سے بلوچستان کو ترقی پذیر رکھا گیا ہے، کئی آرمی چیف آئے لیکن بلوچستان کے حالات نہیں بدلے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو اپنے تحفظات سے آگاہ بھی کر چکے ہیں لیکن وزیراعظم کی جانب سے اعتماد میں نہیں لیا جاتا۔

سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ اتحادیوں کی ناراضی ہو جاتی ہے، لیکن اب تو ان کی اپنی جماعت میں ناراضیاں سامنے آنے لگیں ہیں، ہم سے حکومت نے جو وعدے کیے اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بی این پی مینگل نے آواران میں 4 خواتین کی گرفتاری کے معاملے پر حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دی تھی۔

قومی اسمبلی میں احتجاج کے دوران سردار اختر مینگل نے کہا کہ پہلے بھی کئی حکومتوں سے استعفیٰ دیا اب بھی حکومت سے الگ ہوسکتے ہیں۔