LIVE

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ: حکومت نے نظرثانی درخواست دائر کر دی

عبدالقیوم صدیقی
December 26, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

حکومت نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست دائر کر دی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے دائر نظر ثانی کی درخواست میں سپریم کورٹ سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے گزشتہ ماہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیکر سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ حکومت نے نظر ثانی درخواست میں کہا ہے کہ کیس کی ان کیمرہ سماعت کی جائے۔

قبل ازیں وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کئی آئینی نکات کا جائزہ نہیں لیا، بہت سے آئینی معاملات پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

بیرسٹر فروغ نسیم نے بتایا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کی جائے گی جس کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست آج ہی دائر کی جائے گی  اور توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے سارے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کریں گے۔

واضح رہے کہ 28 نومبر 2019 کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے حکومت کو 6 ماہ میں قانون سازی کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع دی تھی۔