LIVE

کنزیومر کورٹ نے شہری کا موبائل فون گُم کرنے پر کورئیر کمپنی کو جرمانہ کردیا

ویب ڈیسک
January 18, 2020
 

کوریئرکمپنی کا موقف ہے کہ موبائل کوریئرکمپنی نہیں بلکہ ائیرلائن والوں کی غلطی سے گم ہوا ہے،فوٹو:فائل

کراچی کی کنزیومر پروٹیکشن کورٹ (تحفظ صارف عدالت)  نے شہری کا موبائل فون گم کرنے کے مقدمے میں نجی کورئیر کمپنی کو موبائل فون کی قیمت اور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

کراچی کی کنزیومر پروٹیکشن کورٹ میں لاہورکے شہری کا موبائل فون گم کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

صارف عدالت میں درخواست جمع کروائی گئی تھی کہ لاہور کے شہری نے کراچی سے موبائل فون خریدا تھا اور اسے یہاں سے بھجوانے کے لیے نجی کوریئر کمپنی کے حوالے کیا تھا تاہم کمپنی نے موبائل فون گم کردیا۔

اس حوالے سے کوریئرکمپنی کا مؤقف تھا کہ موبائل کوریئرکمپنی نہیں بلکہ ائیرلائن والوں کی غلطی سے گم ہوا ہے۔

صارف عدالت نے موبائل فون گم کرنے کے مقدمے میں نجی کورئیر کمپنی کو موبائل فون کی قیمت اور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے حکم جاری کیا کہ کوریئر کمپنی شہری کو موبائل فون کے ایک لاکھ 45 ہزار روپے ادا کرے۔

 عدالت نے شہری کو ذہنی اذیت دینے پرکوریئرکمپنی پر 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا اور جرمانے کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا۔