LIVE

’پنجاب میں چینی طلب سے زائد، بلاجواز قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت‘

ویب ڈیسک
January 22, 2020
 

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار—فوٹو فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  کا کہنا ہے کہ پنجاب میں چینی کے طلب سے زائد ذخائر موجود ہیں اس لیے محکمہ خوراک، صنعت اور زراعت آپس میں رابطہ قائم کر کے چینی کے نرخوں میں استحکام کے لیے اقدامات کرے۔

ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چینی بھی مہنگی کر دی گئی ہے۔ چینی  مہنگی ہونے کے باعث مٹھائی، کیک، بیکری آئٹمز اور دیگر میٹھی اشیاء کی قیمتوں میں 100 سے ڈیرھ سو روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

چینی کے نرخ میں اضافے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں چینی کی کوئی قلت نہیں، چین کے طلب سے زائد ذخائر موجود ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، محکمہ خوراک، صنعت اور زراعت آپس میں رابطہ کر کے چینی کے نرخوں میں استحکام کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں، 

وزیراعلیٰ پنجاب نے چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ روکنے کے لیے ہر آپشن استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے اور چینی کی قیمتوں کے حوالے سے کسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے۔