LIVE

پاکستان میں کلاشنکوف اور منشیات کا کلچر افغان جنگ کے باعث آیا: وزیراعظم

ویب ڈیسک
January 22, 2020
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغان جنگ کے باعث پاکستان میں کلاشنکوف اور منشیات کا کلچر آیا۔

ڈیوس میں پاکستان اسٹریٹجی ڈائیلاگ فورم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ساٹھ کی دہائی میں پاکستانی معیشت خطے میں سب سے زیادہ ترقی کر رہی تھی لیکن 70 کی دہائی میں مختلف اداروں کو قومیانے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہوا۔

عمران خان نے بتایا کہ حکومت میں آنے کے بعد سب سے زیادہ توجہ معیشت پر دی، پہلا سال کرنسی کو مستحکم کرنے، جاری حسابات کے خسارے کو کم کرنے میں صرف کیا، تجارت، سرمایہ کاری کی راہ میں حائل غیر ضروری رکاوٹوں کو دور کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان جنگ کے باعث پاکستان کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، افغان جنگ کی وجہ سے ہی پاکستان میں کلاشنکوف اور منشیات کا کلچر آیا، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانی دی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں قیام امن کا سب سے زیادہ فائدہ سیاحت کے شعبے میں ہوا، سیاحت کے فروغ سے ملکی معیشت کو ترقی دی جا سکتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا پاکستانی سرزمین کئی قدیم تہذیبوں کا مسکن ہے، پاکستان میں ایسے کئی سیاحتی مقامات ہیں جو اب تک دنیا کی نظروں سے اوجھل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، افغانستان میں قیام امن کے بعد پاکستان کی وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی ممکن ہو گی۔

سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات بہتر ہوں۔