LIVE

بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر آسام دھماکوں سے گونج اٹھا

ویب ڈیسک
January 26, 2020
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

بھارت کے یوم جمہوریہ پر مختلف شہروں میں متنازع شہریت کے قانون کے خلاف احتجاج جاری رہا، کیرالہ میں لاکھوں افراد نے 620 کلومیٹر طویل انسانی زنجیر بنائی جب کہ آسام کے مختلف علاقے 5 دھماکوں سے گونج اٹھے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آسام کے مختلف علاقوں ضلع ڈبروگڑھ ، ضلع چاردیو اور تنسوکیا میں 15 منٹ کے وقفوں سے 5 دھماکے کیے گئے جس کے باعث خوف ہراس پھیل گیا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

رپورٹ کے مطابق دھماکوں کی ذمہ داری علحیدگی پسند تنظیم یونائیٹیڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (الفا) نے قبول کرلی ہے۔

الفا کی جانب سے بھارتی میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کےمنانے کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں ۔

علحیدگی پسند تنظیم کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت سمجھتی ہے کہ ہم کمزور ہوچکے ہیں لیکن ہم اب بھی ماضی کی طرح کارروائیاں کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اپنے پیغام میں الفا کی جانب سے آسام کے شہریوں سے یوم جمہوریہ کی تقاریب کا بائیکاٹ کرنے اور عام ہڑتال کی اپیل بھی کی گئی۔

 کیرالہ میں شہریت قانون کیخلاف طویل انسانی زنجیر بناکر احتجاج

دوسری جانب بھارتی ریاست کیرالہ میں لاکھوں افراد نے متنازع قانون کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے 620 کلومیٹر طویل انسانی زنجیر بنائی۔

یہ احتجاج کیرالہ کی ریاستی حکومت میں برسراقتدار جماعتوں کے اتحاد کی جانب سے رکھا گیا تھا جس میں  وزیراعلیٰ پینارائے وجے یان بھی شریک ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہائی وے پر ہونے والے اس مظاہرے میں لاکھوں افراد شریک ہوئے جس میں بڑی تعداد میں نئی نویلے شادی شدہ جوڑے بھی موجود تھے۔

بھارت کے یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیری سراپا احتجاج

اُدھر حریت رہنماؤں کی اپیل پر بھارت کے یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں جب کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔

متوقع احتجاج کے پیش نظر جگہ جگہ بھارتی فوجی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

فوٹو:فائل

مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کو شروع ہونے والے بھارتی محاصرے کو 175 دن ہوگئے ہیں اور سرد موسم میں کشمیریوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے جوان ہیں۔

اُدھر نظر بند کشمیری رہنما محبوبہ مفتی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے بھارت کے یوم جمہوریہ کا جشن مودی سرکار کی منافقت کا مظاہرہ ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ اقدامات کے ذریعے ہٹ دھرمی سے بھارتی آئین کے پرخچے اڑا دیے، کشمیریوں کے بھارت میں انضمام کے دعویداروں نے یوم جمہوریہ پر کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے۔