LIVE

مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی زندگیاں مشکل میں ہیں: اسد عمر کا اعتراف

ویب ڈیسک
February 02, 2020
 

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی عوام مشکل سے گزررہے ہیں اور اس وقت لوگوں کی زندگیاں مشکل میں ہیں۔

ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور رواں سال کے پہلے مہینے میں مہنگائی کی شرح 14.6 فیصد رہی جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں سب سے زیادہ ہے۔

ادارہ شماریات پاکستان کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.6 فیصد تھی جو جنوری 2020 میں بڑھ کر 14 اعشاریہ 6 فیصد ہو گئی جب کہ جنوری 2019 میں یہ شرح 5.6 فیصد تھی۔

اب سابق وزیرخزانہ و موجودہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر  نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کیا ہے۔ 

این اے 54 اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی عوام مشکل سے گزررہے ہیں، مہنگائی کے باعث اس وقت لوگوں کی زندگیاں مشکل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو آپ سے زیادہ مہنگائی کا احساس ہے، مافیا اور ذخیرہ اندوز مہنگائی کر رہے ہیں، عمران خان اِن ذخیرہ اندوزوں اور مافیاز کے خلاف جہاد کے لیے کھڑے ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ ملک میں آٹے اور چینی کا بحران بھی سر اٹھا رہا ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔