LIVE

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 500 تک پہنچ گئی

ویب ڈیسک
February 05, 2020
 

فوٹو: اے ایف پی

چین میں خطرناک کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 500 کے قریب پہنچ گئی۔

چینی حکام کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ہوبئی میں مزید 65 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد پراسرار مرض سے ہلاکتوں کی تعداد 490 ہو گئی ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 800 سے زائد متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار 324 تک پہنچ گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بین الاقوامی کمیونٹی سے بڑے پیمانے پر اظہار ہمدردی کی اور خطرناک کورونا وائرس کے حوالے سے ڈیٹا شیئر نہ کرنے والی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

ان کا کہنا ہے تھا چین کے علاوہ جن ممالک میں کورونا وائرس پایا گیا وہاں سے صرف 38 ڈیٹا موصول ہوا۔

دوسری جانب ویتنامی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ان کی ایوی ایشن، سیاحت اور زراعت کی صنعتوں کو بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے۔

حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر چین کی معیشت سست روی کا شکار ہوئی تو اس کا براہ راست اثر ویتنام کی معیشت پر پڑے گا کیونکہ چین ویتنام کا ایک بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

فوٹو: اے ایف پی

جاپان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے سمندری جہاز تیار

جاپان نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے فوج کے زیر استعمال سمندری جہاز ’ہاکو‘ کو اسپتال کا درجہ دے دیا ہے۔ ہاکو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے قریب یوکو سوکا بیس پر لنگر انداز ہے جس میں 300 افراد آرام سے رہ سکتے ہیں جب کہ جہاز کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 500 افراد کی ہے۔