LIVE

کراچی میں آوارہ کتوں نے ایک دن میں 47 افراد کو کاٹ لیا

خاور خان,ویب ڈیسک
February 08, 2020
 

کراچی میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے اور ایک دن میں مختلف علاقوں میں کتوں کے کاٹنے کے 47 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کراچی میں آوارہ کتوں کی بہتات نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ایک ہی دن میں خواتین اور بچوں سمیت 47 افراد سگ گزیدگی کا شکار ہوئے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں کتوں کے کاٹنے کے 11 زخمی، انڈس اسپتال میں 25، لیاری جنرل اسپتال میں ایک بچے سمیت 7 افراد لائے گئے جبکہ عباسی شہید اسپتال میں ایک بچے سمیت 4 افراد کو لایاگیا۔

قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں بھی کتے کے کاٹنے کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین نایاب اور بلدیہ عظمٰی کراچی کی کتے کو نیوٹرلائز کرنے کی مہم بھی دم توڑ چکی ہے اور عوام کو آوارہ کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں سگ گزیدگی کے سیکڑوں واقعات رونما ہوئے تھے جس کے باعث 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں بچے بھی شامل تھے۔