LIVE

کراچی میں بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک دیا، ویڈیو سامنے آگئی

ذیشان شاہ
February 13, 2020
 

کراچی کے علاقے عزیز آباد میں بیوی کی جانب سے شوہر پر تیزاب پھینکنے سے پہلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی تاہم خاتون کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ۔

خیال رہے کہ گذشتہ اتوار کو عزیزآباد میں فرزانہ بی بی نامی خاتون نے گھریلو ناچاقی پر اپنے شوہر فرحان پر تیزاب پھینک دیا تھا جس کی زد میں اس کا 10 سالہ بیٹا عبدالرحمان بھی آگیا تھا۔

خوش قسمتی سے تیزاب زیادہ مہلک نہیں تھا جس کے باعث دونوں کا زیادہ نقصان نہیں ہوا اور اسپتال میں طبی امداد کے بعد دونوں کو گھر بھیج دیا گیا۔

اب خاتون کی واردات سے کچھ دیر پہلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے ۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فرزانہ ہاتھ میں تھیلا لیے رکشے میں بیٹھ کر گھر کے باہر آکر رکی اور صرف 3 منٹ بعد فرزانہ دوبارہ رکشے میں بیٹھی اور موقع سے فرار ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ملزمہ کافی عرصہ سے خلع کا مطالبہ کررہی تھی جب کہ اہل خانہ کے مطابق فرزانہ اور فرحان کی پسند کی شادی تھی، 8 مہینے قبل جھگڑوں کے باعث دونوں نے علیحدگی اختیار کررکھی تھی جب کہ اس سے قبل بھی فرزانہ فرحان پر حملہ کر چکی ہے۔