LIVE

ویلنٹائن ڈے پر کالج کی طالبات نے پسند کی شادی نہ کرنے کا حلف اٹھالیا

ویب ڈیسک
February 15, 2020
 

فائل فوٹو

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ایک گرلز کالج کی طالبات نے ویلنٹائن ڈے پر پسند کی شادی کرنے کے خلاف انوکھا حلف اٹھالیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مہیلا آرٹس اینڈ کامرس کالج کی طالبات نے عہد کیا کہ اب وہ کسی سے محبت کریں گی، نہ کسی سے تعلق جوڑیں گی اور نہ ہی پسند کی شادی کریں گی۔

طالبات نے عہد کیا کہ وہ اپنے والدین پر مکمل بھروسہ کرتی ہیں اور وہ کسی ایسے شخص سے بھی شادی نہیں کریں گی جو جہیز لینےکا مطالبہ کرے۔

اس حوالے سے ایک طالبہ کا کہنا تھاکہ ’ہم جس سے بھی محبت کریں وہ اچھا اور خودمختار ہونا چاہیے اور محبت کے معاملے میں والدین کی رہنمائی لینا ہمیشہ بہتر ثابت ہوتی ہے‘۔

ایک اور طالبہ نے کہا’میرا ماننا ہے کہ شادی کے لیے والدین کا فیصلہ کافی ہوتا ہے کیونکہ وہ ہماری پسند نا پسند سب جانتے ہیں‘۔

طالبات کے اس عہد سے متعلق مہاراشٹرا کی ویمن اور چائلڈ ڈویلپمنٹ کی وزیر نے کہا کہ طالبات کو یہ حلف لینا ضروری تھا کیونکہ کالج نے یہ اقدام حال ہی میں ضلع وردھا میں پیش آنے والے واقعے کے باعث اٹھایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع وردھا میں 24 سالہ لیکچرار کو محبت کا دعویٰ کرنے والے ایک لڑکے نے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے آگ لگا دی تھی جس کے باعث ان کا جسم 40 فیصد جھلس گیا تھا۔