LIVE

کورونا وائرس افریقا میں پھیلا تو ایک کروڑ اموات ہو سکتی ہیں: بل گیٹس

ویب ڈیسک
February 17, 2020
 

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ اگر کورونا وائرس نے افریقا میں وبائی صورت اختیار کر لی تو یہ ایک کروڑ اموات کا باعث بن سکتا ہے۔

امریکی شہر سیاٹل میں کانفرنس سے خطاب میں بل گیٹس نے کورونا وائرس کو دنیا کے لیے بہت بڑا چیلنج قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ وائرس افریقی ملکوں تک پہنچا تو ناقابل کنٹرول وبا کی صورت اختیار کر جائے گا جہاں صحت کی سہولیات اس کی نگرانی اور کنٹرول نہیں کر سکیں گی۔

عالمی سطح پر پھیلنے والی وبا اُن چند چیزوں میں سے ہے جو نظام صحت معیشتوں کی تباہی اور لاکھوں اموات کی وجہ بن سکتی ہے۔

خیال رہے کہ چین سے پھیلنے والے پراسرار کورونا وائرس کے باعث ہلاکتیں 1700 سے تجاوز کر چکی ہیں۔ چین کے علاوہ ہانگ کانگ، فلپائن، جاپان، فرانس اور تائیوان میں بھی کورونا وائرس کے باعث ہلاکتیں سامنے آ چکی ہیں۔