LIVE

دہشت گردی کیخلاف جنگ کے نتائج خطے میں امن کی صورت میں ظاہر ہوں گے: آرمی چیف

ویب ڈیسک
February 22, 2020
 

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتائج خطے میں امن کی صورت میں ظاہر ہوں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے آپریشن رد الفساد کے تین سال مکمل ہونے پر سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کے دفاع کے لیے 22 فروری 2017 کو آپریشن رد الفساد شروع کیا گیا، یہ دہشت گردی کے خاتمے سے سیاحت تک کا سفر ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں قوم نے بھرپور حمایت کی اور ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی جنگ کی دو دہائیوں کی کامیابیاں مزید مستحکم ہوئیں، کامیابیوں کی قیمت بھاری جانی و مالی نقصان سے ادا کی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتائج خطے میں امن کی صورت میں ظاہر ہوں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا اپنے بیان میں یہ بھی کہنا تھا کہ پاک فوج ملکی سالمیت کے خلاف ہر قسم کے خطرے سے آگاہ اور اس سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔