LIVE

وزیر اعظم سے ڈاکٹر یاسمین کی ملاقات، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پر بریفنگ

ویب ڈیسک
February 26, 2020
 

وزیراعظم عمران خان سے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ یاسمین راشد نے وزیراعظم عمران خان کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے معاملے پر  بریفنگ دی۔

ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزیرِ صحت نے بریفنگ میں بتایا کہ نوازشریف نے ابھی تک اپنی میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کو نہیں بھجوائیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع سے متعلق پنجاب حکومت کے فیصلے کو سراہا۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔

تاہم گزشتہ روز پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے درخواست کو مسترد کردیا تھا اور اب اس معاملے پر وفاقی حکومت کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی پنجاب حکومت کے فیصلے کو سراہا گیا تھا مگر پنجاب حکومت کے فیصلے کی مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں نے شدید مذمت کی ہے۔