LIVE

بڑے بجلی چوروں کو پکڑیں، منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، وزیراعظم

ایاز اکبر یوسف زئی
February 28, 2020
 

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بڑے بجلی چوروں کو پکڑنے پر خصوصی توجہ دی جائے، گٹھ جوڑ اور ناجائز منافع خوری کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، موجودہ مالی سال کے دوران عوام کو منی بجٹ سے محفوظ رکھنا اہم کامیابی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کم آمدنی والے شہریوں کے لیے سبسڈی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔

حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 300 سے کم یونٹس بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے اس سال 162 ارب روپے کی سبسڈی رکھی گئی ہے، توانائی کے شعبے میں مجموعی طور پر251 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، سبسڈی کا بنیادی مقصد عوام خاص طور پر کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف پہنچانا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کے لیے ساڑھے 8 ارب روپے سبسڈی رکھی گئی ہے، خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں کے عوام کے لیے 18 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا سبسڈی اور مالی سپورٹ کی فراہمی کا مقصد کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومتی معاشی پالیسیوں اور ان کی سمت پراعتماد کیا ہے، موجودہ مالی سال کے دوران عوام کو منی بجٹ سے محفوظ رکھنا اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گٹھ جوڑ اور ناجائز منافع خوری کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔