LIVE

وائرس سے بچاؤ کیلیے ماہرین کا بار بار چہرے کو ہاتھ نہ لگانے کا مشورہ

ویب ڈیسک
March 03, 2020
 

امریکی طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ چہرے پر بار بار ہاتھ لگانا کورونا وائرس جیسے انفیکشن کے پھیلنے کا سبب بن بنتا ہے۔

 امریکی طبی ماہرین نے جراثیم سمیت کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا ایک نسخہ بتایا ہے۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے چہرے کو چھونا انسانی فطرت میں شامل ہے لیکن یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

طبی ماہرین نے وضاحت کی کہ ناک کھجانا، آنکھوں کو مسلنا، تھوڑی پرہاتھ رکھنا اور باربار اپنے چہرے کو ہاتھ لگانا، یہ ایسی عادتیں ہیں جو کورونا وائرس جیسے انفیکشن کے پھیلنے کا سبب بنتی ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگوں کو جراثیم اور وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے باربار ہاتھ دھونے کا مشورہ دیا جاتا ہے لیکن اس کے ساتھ چہرے کو چھونے سے روکنے کی بھی سختی سے تنبیہ کرنی چاہیے۔

سی ڈی سی اور ڈبلیو ایچ او کی جانب سے بھی کہا جاتا ہے کہ لوگوں کو اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کرنا چاہیے، آپ جتنا کم اپنے چہرے کو ہاتھ لگائیں گے اتنا ہی آپ کے بیماریوں سے محفوظ رہنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا مہلک کورونا وائرس دنیا کے 60 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

کورونا وائرس سے ہلاکتیں 3 ہزار سے تجاوز کر گئیں، چین کے علاوہ امریکا اور ایران سمیت متعدد ممالک میں بھی کورونا وائرس سے 157 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔