LIVE

کورونا وائرس: سعودی عرب کا ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
March 12, 2020
 

سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی حکام کی جانب سے ملک کو لاک ڈاون کرنے کے فیصلے سے تمام ممالک اور ائیر لائنز کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

سعودی حکومت کے فیصلے کے تحت تمام عمرہ زائرین اور وزٹ ویزے پر آنے والوں کو 72 گھنٹوں میں سعودی عرب چھوڑنا ہو گا۔

سعودی اقامہ اور ریزیڈنسی رکھنے والے پاکستانیوں کو 72گھنٹوں میں سعودی عرب چھوڑنے کا واپس آنے کا آپشن دیا گیا ہے، اگر ملک کو ایک بار لاک ڈاؤن کر دیا گیا تو پھر کسی کو بھی جانے یا آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق پی آئی اے نے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اضافی پروازوں سے پاکستانی شہریوں کو سفری سہولت فراہم کی جائے گی، اضافی پروازوں کے شیڈول کا کچھ دیر میں اعلان بھی کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دیگر ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور چند روز قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مطاف کو بھی خالی کروا کر خانہ کعبہ میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا تھا۔