LIVE

کورونا فنڈ کیلئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے ایک ارب 78 کروڑ سے زائد کی کٹوتی

ویب ڈیسک
March 21, 2020
 

افسران کی تنخواہوں سے ایک ارب 78 کروڑ24 لاکھ 69 ہزارروپے کاٹے گئے: نوٹیفکیشن جاری— فوٹو:فائل

سندھ حکومت نے کورونا فنڈ کی مد میں سرکاری افسران و ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کردی۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق افسران کی تنخواہوں سے ایک ارب 78 کروڑ24 لاکھ 69 ہزارروپے کاٹے گئے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کٹوتی گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین اورافسران کی تنخواہوں سے کی گئی، اس کے علاوہ صوبائی وزراء، مشیراور معاونین خصوصی کی بھی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تنخواہوں سے کاٹی گئی رقم کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں پر خرچ ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے 3 ارب روپے کا فنڈ قائم کیا تھا اور مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی تھی۔

 خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 2 کا تعلق خیبرپختونخوا اور ایک کا سندھ ہے۔

ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 495 تک جاپہنچی ہے جس میں سے 252 مریض سندھ، پنجاب سے 96، بلوچستان میں 92، خیبرپختونخوا میں 23، گلگت میں 21، اسلام آباد میں 10 اور ایک آزاد کشمیر میں سامنے آیا ہے۔