LIVE

چین سے مزید 56 ہزار کورونا ٹیسٹنگ کٹس، دیگر طبی سامان پاکستان پہنچ گیا

ویب ڈیسک
March 27, 2020
 

خطرناک کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہمسایہ ملک چین سے ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر طبی سامان پر مشتمل دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق چین سے  ایک جہاز  56 ہزار  ٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسک اور دیگر طبی سازو سامان لے کر کراچی پہنچ گیا جو کہ علی بابا اور جیک ما فاؤنڈیشن کی طرف سے آنے والے سامان کی یہ دوسری کھیپ ہے۔

اس کے علاوہ خنجراب پاس کے ذریعے بھی طبی سامان پاکستان کے حوالے کیا گیا ہے۔

کراچی پہنچنے والا سامان جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وصول کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چین کا شکریہ اداکرتے ہیں، چین سے مزید طبی ساز و سامان جلد وصول ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 25 مارچ کو بھی چین سے این 95 ماسک اور دیگر حفاظتی سامان لے کر ایک طیارہ کراچی پہنچا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں علی بابا کے بانی جیک ما نے پاکستان سمیت چند ایشیائی ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان دینے کا اعلان کیا تھا۔

کراچی کے ساتھ ساتھ آج چین سے خنجراب پاس کے ذریعے طبی سامان کی ایک کھیپ پاکستان کے حوالے کی گئی۔ 

چینی سفارتخانے کے مطابق مشکل گھڑی میں یہ چین کا پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی، سنکیانگ سے طبی سامان کی کھیپ خنجراب پاس پہنچ گئی۔

چینی سفارتخانے کے مطابق پاکستان اور چین نے دونوں اطراف سڑکوں سے برف صاف کرکے سپلائی کو یقینی بنایا۔

پاکستان  میں کورونا کی صورتحال

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 1235 تک جا پہنچی ہے۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی 9 ہلاکتیں میں سے پنجاب میں 3، خیبرپختونخوا میں 3 جب کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔