وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے جیو نیوز سے فون پر گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ ان کی کورونا وائرس کے دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔
گزشتہ دنوں صوبائی وزیرتعلیم سعیدغنی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ آئسولیشن میں ہیں۔
انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ کورونا سے متعلق دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ کئی دن پہلے آ ئی جو کہ مثبت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی ٹی وی ٹاک شوز میں کہہ چکا ہوں کہ دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ فی الحال گھر پر بیٹھ کر ہی امور سرانجام دے رہا ہوں۔
خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ متحرک ہیں اور ان کی ٹیم میں سعید غنی بھی بہت زیادہ فعال رہے ہیں اور تقریباً ہر اجلاس میں موجود رہے ہیں۔