LIVE

لاک ڈاؤن کے اچھے اثرات سامنے آرہے ہیں: امیر جماعت اسلامی سراج الحق

ویب ڈیسک
March 30, 2020
 

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران اب تک  45 کروڑ روپے کا سامان تقسیم کرچکے ہیں جس میں ماسک، ادویات اور راشن شامل ہے۔

سراج الحق نے لاہور کے علاقے چوبرجی میں نجی اسپتال کا دورہ کیا اور بعد زاں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کورونا کے مشتبہ مریضوں کےلیے نجی اسپتال میں آئسولیشن وارڈ قائم کیا ہے جہاں مریضوں کو رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے ممالک کورونا وائرس کی وبا کا شکار ہیں، امریکا کہہ رہا ہے اگست تک وبا پر قابو پائیں گے، اٹلی کی سڑکوں پر تمام مذاہب کے لوگ رب کائنات کے حضور سربسجود ہیں لہٰذا ہمیں توبہ استغفار کرنا چاہیے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ تمام تنظیمی امور پر چھوڑ کر عوام میں آگاہی کا کام شروع کردیا ہے، اب تک 45 کروڑ روپے کا سامان تقسیم کرچکے ہیں جس میں ماسک، ادویات اور راشن شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلاحی فرائض انجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جبکہ لاک ڈاؤن کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں اِس وقت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے سبب دیہاڑی دار مزدور طبقہ بری طرح متاثر ہے۔