LIVE

سندھ بھر میں جمعے کو دن 12 بجے سے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

کامران رضی
April 01, 2020
 

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جمعے کو دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کے فیصلے سے علماء متفق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمعے کو دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ پورے صوبے کے لیے کیا گیا ہے اور اس دوران کاروباری مراکز بھی مکمل بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل رات 8 سے صبح 8 تک دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم صوبائی حکومت نے اس میں مزید سختی کرتے ہوئے دکانیں بند کرنے کا دورانیہ مزید 3 گھنٹے بڑھا کر شام 5 سے صبح 8 بجے تک کردیا ہے۔

اس دوران اسپتال کے قریب صرف میڈیکل اسٹورز کھولنے کی اجازت ہے۔ گزشتہ جمعے کو حکومتی پابندی کے باوجود مختلف مساجد میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات ہوئے تھے جس کے بعد متعدد آئمہ اور مسجد انتظامیہ کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے تاہم وزیراعلیٰ سندھ اور علمائے کرام کے درمیان ہونے والی ملاقات میں معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا گیا تھا اور علماء نے حکومتی پابندی پر عمل کی یقین دہانی کرائی تھی۔

خیال رہے کہ جانب صوبہ سندھ میں کورونا وائرس سے اب تک 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور یہ تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 679 تک پہنچ چکی ہے۔