LIVE

نماز جمعہ سے منع کرنے پر نمازیوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا

ویب ڈیسک
April 03, 2020
 

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے پر شہریوں نے پولیس اہلکاروں پر ہی حملہ کردیا۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے نماز جمعہ کے اجتماع کو محدود اور دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

ایسے میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پابندی کے باوجود نماز جمعہ کا اجتماع منعقد کرنے پر پولیس کارروائی کے لیے پہنچی تو امام مسجد کے اُکسانے پر لوگوں نے پولیس پر حملہ کردیا۔

مشتعل شہریوں کی بڑی تعداد نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دیگر اہلکاروں کو ایک شہری نے گھر میں پناہ دے کرتشدد سے بچایا۔

بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر امام مسجد کو حراست میں لے لیا۔

دوسری جانب شہریوں کے پولیس اہلکاروں پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائر ہورہی ہیں جس پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ صوبے میں مجموعی تعداد 13 ہے۔

کراچی سمیت صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 783 ہے جن میں سے 65 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال جاننے کیلئے یہاں کلک کیجئے