LIVE

وزیراعظم کا اپنے دفتر کے سامنے خود سوزی کے واقعے کا نوٹس، انکوائری کا حکم

ویب ڈیسک
April 03, 2020
 

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کے سامنے شہری کی خود سوزی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

اسلام آباد میں آج ایک شہری نے وزیراعظم ہاؤس کے سامنے خود پر تیل چھڑک کر آگ لگادی تھی جسے  اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

شہری کے پاس سے وزیراعظم ہاؤس کو لکھا گیا خط بھی ملا جس میں کہا گیا تھا کہ میرا اتنا قصور ہے کہ پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور لوگوں سے بھی مانگا۔

تاہم اب وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنر کو فوری جوڈیشل انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف کمشنر اسلام آباد کے مطابق جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی اور ضلعی مجسٹریٹ انکوائری 48 گھنٹوں کے اندر اندر پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ خودسوزی کرنے والے شہری نے خط میں حکومتی پارٹی کے عہدیدار کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

خط میں کہا گیا تھاکہ میں پیر ودھائی تھانہ گیا لیکن کارروائی نہیں کی گئی، میرے اوپر 20 لیٹر شراب کا جھوٹا پرچہ بھی کرایا گیا، میں نے حکمران جماعت کے ایک عہدیدار کیخلاف وزیراعظم سیکرٹریٹ میں درخواست دی تھی اور یہ درخواست سی پی او راولپنڈی کو مارک کی گئی تھی۔