LIVE

پٹھوں کی تکلیف کورونا کے تشویشناک مریضوں کی علامات ہیں: ماہرین

ویب ڈیسک
April 07, 2020
 

فائل فوٹو

خطرناک عالمی وبا کورونا وائرس سے اب تک دنیا میں ہزاروں لوگ جان کی بازی ہارگئے اور دنیا بھر میں سائنسدان اس وائرس کے حوالے سے دن رات تحقیق کر رہے ہیں۔

محققین نے شروع میں کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس کی چند عام علامات بتائی تھیں جس میں خشک کھانسی، تیز بخار اور سانس لینے میں مسئلہ ہوسکتا ہے۔

بعد ازاں سائنسدانوں نے کورونا وائرس کی علامات کے حوالے سے نئی تحقیق کی جس میں انہوں نے کورونا وائرس سے سونگھنے اور ذائقے کی حس متاثر ہونے کے حوالے سے بتایا تھا اب محققین نے کورونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کی ایک نئی علامت بتائی ہے۔

امریکا کی نیو یارک یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے تشویشناک مریضوں میں پٹھوں میں تکلیف ہونا بھی ایک علامت ہے۔

محققین کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں میں سانس لینے میں مسئلہ ہونے کے ساتھ جسم میں درد ہونا بھی ایک علامت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے مریضوں میں جسم میں تکلیف ہونے کی وجہ سائٹوکائنس کیمیکل ہےجو کہ جسم میں وائرس داخل ہونے کی وجہ سے خارج ہوتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کے 15 فیصد مریضوں میں جسم اور جوڑوں میں تکلیف دیکھنے میں آئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 99 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے 59 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔