LIVE

ایک ارب 40 کروڑ روپے سبسڈی کے حکومتی اعدادو شمار جھوٹ ہیں: سلیمان

ویب ڈیسک
April 05, 2020
 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے خود کو ایک ارب 40 کروڑ روپے سبسڈی دیے جانے کے اعدادو شمارکو جھوٹ قرار دے دیا۔

اپنے ایک بیان میں سلیمان شہباز کا کہنا ہے کہ  ایک ارب 40 کروڑ روپے سبسڈی کے اعدادو شمارغلط ہیں، یہ اعدادو شمار عمران خان اور ان کے ساتھیوں نےگھڑے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے بھائی سلیمان شہباز کا کہنا ہے کہ انہیں 2014  سے لے کر 2018 کے دوران 31 کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں ملک میں گندم اور چینی کے بحران کے باعث ان کی قیمتیں مہنگی ہوگئی تھیں۔

وزیراعظم عمران خان نے معاملے کی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو  ذمہ داری سونپی تھی۔

ایف آئی اے نے گذشتہ روز اپنی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی ہے جس میں تحریک انصاف کے رہنماجہانگیر ترین،وفاقی وزیرخسرو بختیار کے بھائی اورحکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی سمیت سلیمان شہباز کا نام بھی شامل ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایف آئی کی رپورٹ کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں۔

 شریف گروپ کی بدمعاشی بےنقاب ہوگئی:فردوس عاشق اعوان

دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ نے 30 سال کےجاری کھیل کاپردہ چاک کردیاہے اور اس  میں شریف گروپ کی بدمعاشی بےنقاب ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف آٹا،چینی بحران کی رپورٹ پربغلیں نہ بجائیں، رپورٹ میں سلمان شہباز کو ایک ارب 40کروڑ روپے سبسڈی دینےکا ذکر بھی ہے،ان کانام شہبازشریف کی زبان پرکیوں نہیں آرہا۔