LIVE

بندشوں کی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیابی ہوئی: اسدعمر

ویب ڈیسک
April 05, 2020
 

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ بندشوں کی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیابی ہوئی ہے، اگر بندشیں نہ ہوتیں تو مہلک وائرس زیادہ تیزی سے پھیل سکتا تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ بعض علاقوں میں لوگ حفاظتی تدابیر پر عمل نہیں کر رہے لیکن شہروں میں بندشوں کے باعث کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے اور حفاظتی اقدامات، سماجی میل جول میں فاصلے سے وبا کو کنٹرول کیاجاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوشی کی بات ہےکہ قوم اس وقت تعاون کر رہی ہے اور کورونا کی صورتحال میں قوم نظم و ضبط کا مظاہرہ کر رہی ہے، نظم و ضبط کا یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ کورونا پر مکمل کنٹرول کریں۔

لاک ڈاؤن کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بندشوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے، اگر بندشیں نہ ہوتیں تو کورونا وائرس زیادہ تیزی سے پھیل سکتا تھا اور کورونا جس طرح پھیل رہا ہے، اس سے موجودہ نظامِ صحت کم پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بندشوں کے باعث منفی اقتصادی اثرات پڑ رہے ہیں جس سے معاشرے کے امیر اورغریب افراد متاثر ہورہے ہیں، 14 اپریل کے بعد بندشیں ہوں گی یا نہیں، اِس وقت کچھ نہیں کہہ سکتا مگر اس بارے میں فیصلہ اگلے چند دنوں میں کر لیں گے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں کورونا ٹیسٹ کرنے کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے، اسپتالوں کو براہ راست حفاظتی سامان کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ طبی عملے کے ساتھ ساتھ سماجی کارکن بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان مشکل حالات میں کام کرنے پر سماجی کارکنوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے  اور اس کی مدت 14 اپریل تک ہے۔ 

اس وقت ملکی کی تمام سرحدیں اور فلائٹ آپریشن بالکل معطل ہے جبکہ انٹراسٹی بسوں کی بھی آمدو رفت بند ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے 45 افراد جاں بحق اور 2900 سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔