LIVE

ملک بھر میں آج شب برأت عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

ویب ڈیسک
April 08, 2020
 

ملک بھر میں آج شب برأت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔

 اس رات اہل ایمان نوافل ادا کریں گے اور گڑگڑا کر اپنے رب سے گناہوں اور خطاؤں کی معافی طلب کریں گے۔

اہل علم اس شب کو رزق، صحت، زندگی، موت اور خیر و شر کے فیصلوں کی رات بھی کہتے ہیں، اس لیے اہل ایمان اس رات مغفرت اور بخشش مانگتے ہیں اور اللہ تعالی سے رحمت اور فضل کی التجائیں بھی کرتے ہیں۔

شب برأت کی مناسبت سے نذر و نیاز کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے جب کہ اور بڑی تعداد میں لوگ قبرستانوں کا رُخ کر کے اپنے پیاروں کی قبروں پر  پھول چڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کرتے ہیں۔

اس رات ملک بھر کی مساجد میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے لیکن امسال کورونا وائرس کے باعث پاکستان علماء کونسل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شب برأت میں گھروں میں رہ کر عبادات کریں اور اللہ کے حضور اپنے گناہوں کی توبہ کریں۔

علمائے کرام کا کہنا ہے کہ شب برأت کی عبادت کا اپنا ہی لطف و سرور ہوتا ہے، آج کورونا کی وبا اور کرب کی موجودہ فضا میں اللہ سے رحم و کرم اور  پناہ طلب کی جائے۔