LIVE

کورونا وائرس کے دماغی صحت پر اثرات کتنے عرصے تک رہیں گے؟

ویب ڈیسک
April 13, 2020
 

ایپیڈیمک اور پینڈیمک دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے اور یہ انسان میں ڈپریشن کا باعث بنتا ہے: ماہرین. فوٹو: فائل

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جب سے متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن لگایا ہے اس وقت سے ہی زیادہ تر لوگ کہیں نہ کہیں ڈپریشن اور  بے چینی کا شکار ہیں۔

اس صورتحال میں بے چینی اور ڈپریشن کی سب سے بڑی وجہ یہ ہی کہ ہم گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور دنیا بھر میں ہلاکتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد ہمیں مزید تناؤ میں مبتلا کر رہی ہے۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ سیلف آئسولیشن میں موجود افراد میں کورونا وائرس کے دماغی صحت پر اثرات لمبے عرصے تک بھی رہ سکتے ہیں۔

جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع کی جانے والی حالیہ تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کے لوگوں کی دماغی صحت پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بات ثابت ہے کہ ایپیڈیمک اور پینڈیمک دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے اور یہ انسان میں ڈپریشن کا باعث بنتا ہے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس صورتحال کے بعد دماغی صحت پر منفی اثرات طویل عرصے تک بھی برقرار رہ سکتے ہیں جب کہ دماغی صحت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ گھریلو تشدد اور بچوں سے بدسلوکی کے واقعات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ وائرس سے 18 لاکھ 53 ہزار 183 متاثر اور 4 لاکھ 23 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔