LIVE

بھارتی کمپنی میں فیس بک کی ساڑھے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری

ویب ڈیسک
April 22, 2020
 

فیس بک نے بھارت کے ایک آن لائن کریانہ یعنی گروسری اسٹور" جیومارٹ" میں ساڑھے پانچ ارب ڈالرسے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔

فیس بک کی ایک بلاگ پوسٹ کے مطابق اس ڈیل کا مقصد فیس بک کے دنیا کے سب سے بڑے میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ اور جیومارٹ کے ذریعے بزنسز اور دکانوں کو لوگوں کے قریب کرنا اور پھر ان کی خریداری کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

یاد رہے جیو مارٹ بھارت کے ایک بڑے گروپ ریلائنس کا حصہ ہے۔

موبائل کی دنیا میں کسی بھی پیغام رسانی کی ایپ کا پیغامات سے آگے نکل کر دیگر سروسز فراہم کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔

اس سے قبل چین کی مشہور ترین میسجنگ سروس وی چیٹ کے ذریعے ایک ارب سے زائد صارفین پیغامات،آن لائن خریداری اور آف لائن رقوم کی ادائیگی تک کر سکتے ہیں۔

ایک بھارتی کمپنی میں فیس بک کی سرمایہ کاری بھی حیران کن نہیں ہے کیونکہ بھارت میں واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد 40 کروڑ سے زائد ہے۔